نئی دہلی، 4/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے الزامات کو کہ وہ ضمانتوں اور وعدوں کو بھول گئے ہیں، بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو اپنے وعدے اچھی طرح یاد ہیں۔ پارٹی کے رہنماؤں نے یہ بھی کہا کہ مودی کو اپنے کئے گئے وعدوں کی فکر کرنی چاہیے اور انہیں ان کی تکمیل کی کوشش کرنی چاہئے۔ کانگریس نے وضاحت کی کہ وہ عوام کے ساتھ اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
کانگریس کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے یہاں جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا ’’آپ کو وعدے بھول جانے کی عادت ہے۔ آپ کے وعدوں کو یاد کرنے کے بجائے، آپ، کانگریس کے ان وعدوں کی بات کرتی ہے جن کو کانگریس حکومتوں نے نافذ کیا ہے۔ ہمیں ہماری ضمانتیں یاد ہیں آپ گھبرائیں نہیں، ہمیں آپ کے وعدے یاد ہیں۔ مودی جی کو جواب دینا چاہیے کہ پیٹرول اور ڈیزل کا کیا ہوا، ماں گنگا کا کیا ہوا، خواتین سے کئے گئے وعدوں کا کیا ہوا، روپے پر ڈالر کی مار کا کیا ہوا۔ ‘‘
انہوں نے کہا’’بی جے پی حکومت صرف وعدے کرتی ہے اور اب لوگوں نے ان کی حقیقت کو پہچان لیا ہے۔ مودی نے عوام سے جو بھی وعدے کئے ہیں وہ محض جملے ثابت ہوئے ہیں ۔ اس طرح کی جھوٹی باتیں کر کے آپ نے وزارت عظمیٰ کے وقار کو بھی کمزور کیا ہے۔ وہ کانگریس پر الزام لگا رہے ہیں جبکہ سچائی یہ ہے کہ عوام سے ان کے وعدے محض جملے ہی ثابت ہوئے ہیں اور کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ہے۔
کھیڑا نے وزیر اعظم کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس عوام سے جو وعدے کرتی ہے اسے پورا کرتی ہے، جب مودی اقتدار میں آنے کے بعد تمام وعدوں کو بھول جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب ’گجنی‘ نہ بنیں۔ مشروم کھانا چھوڑ دیں اور بادام کھانا شروع کر دیں تاکہ آپ کو وہ نعرے یاد آجائیں جو آپ لگاتے تھے، بہت ہوئی ڈالر کی مار، اس بار کس کی سرکار؟ خواتین پر مظالم بہت ہو گئے، اس بار کس کی حکومت ہے ؟
واضح رہےکہ جمعہ کو کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اپنی ایک پوسٹ میں جھوٹ، فریب، جعلسازی ، لوٹ اورتشہیر کو مودی حکومت کی پانچ خوبیاں بتایا تھا۔ اس پر وزیر اعظم نے پوسٹ کیا تھا جس کے بعد دیگر لیڈروں نےبھی مودی پر تنقید کی تھی۔ بتایا گیا تھا کہ بعد میں وزیر اعظم مودی کو اپنی ایک پوسٹ ڈیلیٹ کرنی پڑی تھی۔ اسی پر پون کھیڑا نےوزیراعظم کو نشانہ بنایا ہے۔